نگہبان رمضان دسترخوان مستحقین تک باوقار ریلیف پہنچانے کی بہترین مثال ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں قائم نگہبان رمضان دسترخوان کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کے لواحقین اور ہسپتال میں زیرِ علاج افراد کے ساتھ افطاری کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیر مملکت نے دسترخوان پر فراہم کی جانے والی سہولیات، کھانے کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نگہبان رمضان دسترخوان مستحق افراد، خصوصاً مریضوں کے لواحقین کے لیے ایک قابلِ تحسین سہولت ہے جو حکومت کے فلاحی وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے چیئرمین الصفہ ریلیف ادریس خلیل کے ضلعی انتظامیہ جہلم کے ساتھ مثالی تعاون کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ فلاحی اداروں اور انتظامیہ کا باہمی اشتراک انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال ہے، جس سے حکومتی ریلیف کے ثمرات براہِ راست مستحقین تک پہنچ رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے وزیر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کے نگہبان رمضان دسترخوان پر روزانہ سینکڑوں افراد کو باوقار انداز میں افطار کروائی جا رہی ہے جبکہ معیارِ طعام اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ نگہبان رمضان دسترخوان پر مریضوں اور ان کے لواحقین کی خدمت کا یہ سلسلہ رمضان المبارک کے اختتام تک اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھانے کے معیار اور صفائی کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ ہسپتال آنے والے تمام ضرورت مند افراد کو بہترین اور باعزت ریلیف میسر آ سکے۔
چیئرمین الصفہ ریلیف ادریس خلیل کے تعاون سے جاری ان فلاحی اقدامات کو شرکاء اور مریضوں کے لواحقین کی جانب سے بھی بے حد سراہا گیا۔



