قائداعظم محمد علی جناح کے اصول قوم کے لیے مشعل راہ ہیں، چوہدری محمد عارف

جہلم: چوہدری محمد عارف نے کہا کہ 25 دسمبر ایک تاریخ ساز دن ہے، جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے طور پر جانا اور منایا جاتا ہے۔
سابق چیئرمین پبلک سیفٹی کمیشن اور صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری محمد عارف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک ایسی شخصیت ہیں جن کی بصیرت، ان تھک جدوجہد اور غیر معمولی قیادت کی بدولت پاکستان کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوا۔ تحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے جو تکالیف اور مصائب برداشت کیے، انہیں الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور خودمختار ملک کے حصول کے لیے قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو جدوجہد کا حقیقی راستہ دکھایا۔ ان کے تین رہنما اصول: اتحاد، تنظیم اور یقین محکم، آج بھی ہماری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔ اگر ہم نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں تو ہمیں قائداعظم کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
چوہدری محمد عارف نے مزید کہا کہ تحریک آزادی میں اقلیتوں کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حقوق حاصل ہیں، جو کہ ایک آزاد ملک کے شہریوں کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے نظریات کا کبھی سودا نہیں کیا اور یہی وجہ تھی کہ انگریز اور ہندو ان کی سیاسی بصیرت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گئے۔


