سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو رہا کردیا گیا ہے۔

ان کی اہلیہ حبا فواد نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خاوند کی اڈیالہ جیل سے رہائی سے متعلق بتایا۔

ایکس پر جاری بیان میں حبا فواد نے کہا کہ سابق وفاقی وزیرفوادچوہدری کو رہا کردیا گیا۔

 

 

واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جہلم پنڈ دادنخان دو رویہ سڑک پروجیکٹ میں خوردبُرد کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو دن قبل ان کے خلاف دیگر 22 مقدمات میں بھی تین ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ مقدمات میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

فواد چوہدری کو عدالت سے روبکار سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی پہنچنے پر رات گئے رہا کردیا گیا۔

اس موقع پر فواد چوہدری کی اہلیہ حبہ فواد چوہدری اور ان کے عزیز جیل پہنچے تھے جو انہیں لے کر گھر روانہ ہوگئے۔

رہائی کے بعد فواد چودھری کی اہلیہ حبہ فواد نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ٹوئٹ بھی کیا اور گاڑی میں فواد کے ساتھ تصویر بھی جاری کی اور شکر ادا کیا۔

فواد چوہدری نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے، انہوں نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔

خیال رہے کہ 16 دسمبر 2023 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے جہلم پنڈدادنخان روڈ کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وارنٹ تعمیل کروانے کی اجازت دے دی تھی۔

20 دسمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پنڈ دادنخان، جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، زمین کی خریداری میں خرد برد سے متعلق کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کی تحویل میں دے دیا تھا۔

بعدازاں 30 دسمبر کو عدالت نے پنڈ دادنخان، جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، زمین کی خریداری میں خرد برد سے متعلق کیس میں سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

5 جنوری کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جہلم کے تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، اسی طرح 9 اور 12 جنوری کو بھی 3، 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔

7 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری سے جیل میں اہل خانہ کی ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص کردیا تھا۔

11 مارچ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خوردبُرد کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 مارچ تک توسیع کردی تھی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button