جہلم پولیس کی بروقت کارروائی، گھر سے لاپتہ 18 سالہ نوجوان بازیاب

جہلم: تھانہ سٹی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے گھر سے لاپتہ ہونے والے 18 سالہ نوجوان کو بحفاظت بازیاب کر کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں 18 سالہ نوجوان کی والدہ کی جانب سے تھانہ سٹی میں درخواست دی گئی، جس پر فوری مقدمہ درج کرتے ہوئے ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید طریقۂ تفتیش استعمال کرتے ہوئے تلاش کا عمل شروع کیا۔
پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلیل وقت میں نوجوان کو ٹریس کر کے بحفاظت بازیاب کر لیا اور اسے اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا۔
لواحقین نے نوجوان کی بحفاظت واپسی پر جہلم پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بروقت کارروائی کو سراہا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔



