رورل ہیلتھ سنٹردینہ میں تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

دینہ: رورل ہیلتھ سنٹرز میں تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، ضلع بھر کے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ ڈوگر اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈی سی جہلم کو رورل ہیلتھ سنٹر میں جاری تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ کروایا گیا۔
محکمہ صحت کے افسران نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رورل ہیلتھ سنٹر کی عمارت، مشینری اور دیگر سہولیات کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنا چاہیے اور تعمیراتی کام کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



