ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کے والد محترم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کی شرکت

دینہ: جماعت اسلامی ضلع جہلم کے ضلعی امیر ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کے والد محترم حاجی عبد الرؤف منہاس مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد دینہ کی نجی مارکی میں کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کے علاوہ اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن تھے، جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی دینی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعزیتی ریفرنس کا مقصد ہمیں یہ یاد دلانا ہے کہ موت ہر ذی روح کو آنی ہے اور اصل کامیابی یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق بسر کریں تاکہ موت ہمارے لیے ایک خوشگوار انجام بنے۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ اگر کوئی شخص اللہ تعالیٰ کے احکام اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارے تو موت اس کے لیے راحت اور نجات کا ذریعہ بنے گی، بصورتِ دیگر وہ ہمیشہ کے لیے عذاب میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ ہمیں اپنی زندگی میں قرآن و سنت کو عملی طور پر اپنانا ہوگا تاکہ قیامت کے دن اللہ کے عرش کا سایہ نصیب ہو سکے۔
اظہر اقبال حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ حاجی عبد الرؤف منہاس مرحوم نہ صرف جماعت اسلامی کے فعال کارکن تھے بلکہ اقامت دین، صوم و صلوٰۃ اور دینی ذمہ داریوں میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ ان کی سادگی، دیانت داری اور اخلاص ان کے کردار کا نمایاں پہلو تھے، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پروگرام کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت، بلند درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے مرحوم کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مثالی شخصیت تھے جن کی زندگی نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔



