جہلم میں غیر سرکاری اداروں میں آگ بجھانے کے آلات نصب کرنے چھوڑ دیے

جہلم: سول ڈیفنس کے افسران کی عدم دلچسپی ، بلند و بالا عمارتیں، پٹرول پمپس،پلازے،شاپنگ مالز، مارکیٹیں، کباڑخانوں سمیت نجی ہسپتالوں ، نجی کالجوں ،نجی سکولوںاور پینٹ شاپس کے مالکان نے آگ بجھانے کے آلات نصب کرنے چھوڑ دیے، سول ڈیفنس کے ذمہ داران نے آتشی آلات نہ رکھنے والوں کی چیکنگ کرنے کی کبھی ضرورت محسوس نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس جہلم کے افسران و ملازمین نے جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قائم ہونے والی بلند و بالا عمارتیں، پٹرول پمپس،پلازے،شاپنگ مالز، مارکیٹیں، کباڑخانوں سمیت نجی ہسپتالوں ، نجی کالجوں ، سکولوںاور پینٹ شاپس میں آگ سے بچاؤ کے آتشی آلات نصب کرنے چھوڑ دیے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ سول ڈیفنس کے افسران نے کبھی ضرورت محسوس نہیں کی کہ ایسی جگہوں کے سروے کرکے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں اور نہ ہی کبھی ایسے بااثر افراد کے چالان کئے جاتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ متعلقہ ادارے کے افسران و اہلکاروں نے مک مکا کرکے سب اچھا ہے کا راگ الاپنا شروع کر رکھا ہے ۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سفارشی افسران و اہلکاروں نے بااثر افراد کی سرپرستی ہونے کی وجہ سے ماہانہ منتھلیاں مقرر کر رکھی ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ نئی تعمیر ہونے والی عمارتوں ، پلازوں ، مارکیٹوں ، پٹرول پمپس، سکولوں کالجوں کے منظور شدہ نقشوں کے مطابق آگ بجھانے کے آلات نصب کروائے جائیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر معاملات زندگی جاری رکھ سکیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



