پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن شوکت علی مغل کو بی آئی ایس پی تحصیل سوہاوہ کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا

پڑی درویزہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن اور جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی تحصیل سوہاوہ شوکت علی مغل کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) تحصیل سوہاوہ کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل سوہاوہ کے دیرینہ کارکن اور موجودہ جنرل سیکریٹری شوکت علی مغل کو پہلی مرتبہ تحصیل کی سطح پر پارٹی کی جانب سے ایک مخصوص ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ نئی ذمہ داری کے مطابق شوکت علی مغل کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام تحصیل سوہاوہ کا باقاعدہ فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
مذکورہ تقرری کا شناختی کارڈ شوکت علی مغل کو ضلعی صدر مقام جہلم میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران حوالے کیا گیا۔ یہ کارڈ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے صدر چوہدری تسنیم ناصر گجر نے شوکت علی مغل کے حوالے کیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکریٹری مرزا عبدالغفار، سینئر نائب صدر پیپلز پارٹی ضلع جہلم پیر آصف علی شاہ اور ضلعی سطح پر پیپلز پارٹی کے مقرر کردہ انسانی حقوق و مذہبی امور میں ہم آہنگی کے فوکل پرسن اور ضلعی فوکل پرسن بی آئی ایس پی چوہدری جاوید اقبال گجر بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران تمام پارٹی عہدیداران نے شوکت علی مغل کو نئی ذمہ داری ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تنظیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تحصیل سوہاوہ بھر کے مستحقین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام تک رسائی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پارٹی عہدیداران نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ نئی ذمہ داری کے تحت شوکت علی مغل مستحق افراد کو بی آئی ایس پی سے متعلق معلومات اور سہولیات کی فراہمی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے پروگرام کے ثمرات مستحق خاندانوں تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوں گے۔



