عیدالاضحیٰ کے موقع پر جہلم میں مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، پولیس الرٹ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق عید سے قبل مویشی منڈیوں میں شہریوں کی آمد و رفت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے پیش نظر پولیس نے سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت اور منظم کر دیا ہے۔ پولیس گشت کو منڈیوں کے اطراف، اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر مزید فعال کر دیا گیا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل جاری ہے، جس کی مدد سے مشکوک سرگرمیوں پر فوری ردعمل ممکن بنایا جا رہا ہے۔ پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مویشیوں کی خریداری کے لیے دن کے وقت کو ترجیح دیں، کیونکہ رات کے وقت دھوکہ دہی، چوری اور دیگر ناخوشگوار واقعات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
مویشی منڈیوں میں باوردی پولیس اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے جو نہ صرف سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے بلکہ موقع پر امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بھی مانیٹر کریں گے۔
پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر انہیں مویشی منڈی یا اس کے اطراف کسی قسم کی مشکوک سرگرمی، مشتبہ شخص یا مشکوک سامان نظر آئے تو فوری طور پر 15 پر کال کر کے اطلاع دیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی بروقت اطلاع کسی ممکنہ خطرے کو روکنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔



