جہلم میں بیکری مالکان نے حکومتی نرخ نامے ماننے سے انکار کر دیا

جہلم: بیکری مالکان نے حکومتی نرخ نامے ماننے سے انکار کر دیا، ضلعی انتظامیہ کی کمزور گرفت سے بیکری مالکان بھر پور فائدہ اٹھارہے ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ پیش کر دیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے آٹے اور میدےکی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود بیکری ایٹمز کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کر کے ہر قسم کی بریڈز، رس، کیک، بند، باقرخانی سمیت تمام اشیاء کی نئی ریٹ لسٹ تو جاری کر دی لیکن ضلع جہلم کے بیکری مالکان نے حکومتی ریٹ لسٹ کو ماننے سے انکار کر دیا ہے، خریداروں کو پرانی قیمت پر تمام بیکری اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کمروں میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ بھجوا دیتے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی گرفت نہ ہونے کے برابر ھے جسکی وجہ سے عوام کو سستی اشیاء کا فائدہ نہیں پہنچ رہا۔
شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



