محرم الحرام کے پیش نظر جہلم پولیس، پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ فلیگ مارچ

جہلم: محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوام میں احساسِ تحفظ اجاگر کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ نگرانی جہلم پولیس، پاک آرمی، پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا۔
فلیگ مارچ کا آغاز پولیس لائنز جہلم سے کیا گیا جو شہر کی اہم شاہراہوں، مرکزی بازاروں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات سے گزرتا ہوا اپنے اختتام کو پہنچا۔ فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، شہریوں میں اعتماد پیدا کرنے اور شرپسند عناصر کو واضح پیغام دینا تھا کہ قانون شکنی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فلیگ مارچ میں ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی صدر سرکل، ڈی ایس پی سٹی سرکل، متعلقہ ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس، پیرا فورس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف اقدامات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، مذہبی ہم آہنگی کا فروغ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فورسز مکمل طور پر الرٹ اور متحرک ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ محرم الحرام کے دوران کسی بھی غیر قانونی سرگرمی، اشتعال انگیزی یا امن عامہ میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ پرامن ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔



