جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشن، 430 افراد کی مکمل چیکنگ

جہلم: ضلع جہلم میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جہلم پولیس نے بڑے پیمانے پر سپیشل سرچ آپریشن اور ناکہ بندیاں کیں۔ ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں 13 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کے دوران 430 افراد کی مکمل چیکنگ کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کا مقصد ضلع میں سیکیورٹی کی صورتحال کو فول پروف بنانا، اہم تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانا اور سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرنا ہے۔ دوران آپریشن شہریوں کی جدید پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق بھی کی گئی۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں لگائی گئیں اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ آپریشن کے دوران اشتہاری مجرموں، جرائم پیشہ افراد، اسلحہ ناجائز اور منشیات رکھنے والوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن جاری رہا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ ایسے سپیشل آپریشنز کا مقصد ضلع کو امن کا گہوارہ بنانا، شرپسندوں کو ان کے مذموم عزائم میں ناکام بنانا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔



