دینہ میں شادی کی تقریب کے دوران دو گروپوں میں فائرنگ، چار افراد زخمی

دینہ کے نواحی علاقے موٹاغربی میں شادی کی تقریب کے دوران دو گروپوں میں فائرنگ سے چار افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقے موٹاغربی میں شادی کی تقریب کے دوران پرانی رنجش کے باعث دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امجد پٹواری گروپ اور پہلوان گروپ کے درمیان پیش آیا، جن کے درمیان کافی عرصے سے رنجش چلی آرہی تھی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نائب تحصیلدار کے بیٹے کے دعوتِ ولیمہ میں دونوں گروپوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران معمولی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں بدل گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ عصمت، 30 سالہ عثمان، 28 سالہ توصیف اور 54 سالہ قیصر زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق زخمی عثمان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جسے بہتر طبی سہولیات کے لیے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو کنٹرول میں کر لیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button