لاہور ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں میں چار روزہ ورکنگ ہفتہ نافذ

جہلم: پٹرول کی بچت کے پیش نظر لاہور ہائی کورٹ اور پنجاب بھر کی ضلعی و ماتحت عدالتوں میں چار روزہ ورکنگ ہفتہ نافذ کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ سمیت پنجاب کی تمام ضلعی اور ماتحت عدالتیں اب پیر سے جمعرات تک کام کریں گی جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو صرف ہنگامی مقدمات کی سماعت کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ججوں کے ایندھن الاونس میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فیصلے کے تحت ہائی کورٹ ججز کے ایندھن الاونس میں 50 فیصد جبکہ دیگر عدالتی افسران اور ضلعی ججز کے الاونس میں 25 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
مزید برآں ججز کی سکیورٹی اور پروٹوکول گاڑیوں میں بھی کمی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔



