جہلم میں غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز کے خلاف کارروائیاں تیز، مزید 5 عمارتیں سیل

جہلم: ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایت پر اندرون شہر غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائی میں میونسپل کمیٹی نے مزید پانچ عمارتوں کو سیل کر دیا ہے۔
یہ اقدام ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر کی زیر نگرانی کیا گیا۔ میونسپل کمیٹی جہلم کی خصوصی ٹیم، انچارج انسپکٹر تجاوزات عبدالرحمٰن ڈار اور ان کے عملے نے شاندار چوک، سول لائن اور دیگر اہم مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ان بورڈز کو ہٹانے کے راستوں کو سیل کیا جن پر سرکاری واجبات ادا نہیں کیے گئے تھے۔
انسپکٹر عبدالرحمٰن ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن عمارتوں پر غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز نصب ہیں اور جن پر واجبات باقی ہیں، انہیں مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں بورڈز کو اتارنے کا عمل بھی جاری ہے، جس کی براہ راست نگرانی خود ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں غیر قانونی ہورڈنگ بورڈز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور جب تک سرکاری واجبات مکمل طور پر ادا نہیں کیے جاتے، کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔



