ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس کی ناکامی، شہر میں مویشیوں کے انخلا پر عملدرآمد نہ ہو سکا، شہریوں کا احتجاج

جہلم: ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس جہلم شہر میں مویشیوں کے انخلا کے احکامات پر عملدرآمد میں بری طرح ناکام ہو گئی، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکوں، بازاروں اور گلی محلوں میں مویشیوں کی بھرمار نے ٹریفک کی روانی متاثر کر دی ہے جبکہ گندگی اور تعفن کے باعث ماحولیاتی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف گنجان آباد علاقوں میں مویشی مالکان جانور کھلے عام سڑکوں اور عوامی مقامات پر چھوڑ رہے ہیں، جس کے باعث روزانہ حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے شہر سے مویشیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ مویشیوں کی غیر قانونی نقل و حرکت نہ صرف ٹریفک کے مسائل پیدا کر رہی ہے بلکہ شہر میں صحت اور صفائی کے سنگین مسائل بھی جنم لے رہی ہیں۔

اس موقع پر مقامی رہائشیوں نے یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر انتظامیہ نے بروقت کارروائی نہ کی تو شہری خود احتجاج کے لیے مجبور ہوں گے اور شہر کی سڑکوں پر مویشیوں کی غیر قانونی موجودگی کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button