ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا دارہ پور کا دورہ، مکینیکل پل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سیلاب سے متاثرہ تحصیل جہلم کے علاقے دارہ پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مکینیکل پل کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو مقامی انتظامیہ نے سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات اور تباہ شدہ مواصلاتی ذرائع کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے موقع پر موجود سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ضلع جہلم کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر سڑکوں اور پلوں کی تباہی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی مشکلات کے فوری ازالے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

ڈی سی جہلم نے بتایا کہ دارہ پور میں مرکزی شاہراہ پر آمدورفت بحال کرنے کے لیے مکینیکل پل کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے جو آئندہ دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ پل کی تکمیل کے بعد تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈ دادنخان کے درمیان متاثرہ رابطہ مکمل طور پر بحال ہو جائے گا جس سے شہریوں کو روزمرہ کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں سہولت میسر آئے گی۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مزید کہا کہ مکینیکل پل کا کام دن رات جاری رکھا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو آمدورفت کی مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button