جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز و ناکہ بندی، سینکڑوں افراد کی چیکنگ

جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں۔
یہ آپریشنز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ عوام کی حفاظت اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے گئے۔ پولیس نے ضلع بھر میں 10 مختلف جگہوں پر سرچ آپریشنز کیئے جن میں 363 افراد کو چیک کیا گیا۔
دوران آپریشنز شہریوں کی ویری فکیشن پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے کی گئی تاکہ کسی بھی مشتبہ فرد کو فوراً شناخت کیا جا سکے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندیوں کے ذریعے چیکنگ کی گئی، جس سے مشتبہ افراد کی گرفتاری میں مدد ملی۔ اس کے ساتھ ہی مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کی گرفتاری کے لیے بھی آپریشنز کا آغاز کیا گیا۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ان آپریشنز کا مقصد اسلحہ ناجائز و منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی سرکوبی اور شرپسندوں کو اپنے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا تھا۔ ان کی ہدایات پر پولیس کی جانب سے یہ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے تا کہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور علاقے میں جرائم کی بیخ کنی کی جا سکے۔



