جہلم میں سی سی ڈی اور ڈکیت گینگ میں مبینہ مقابلہ، محسن رضا گینگ کا ایک اور کارندہ زخمی حالت میں گرفتار

جہلم میں سی سی ڈی اور ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ مقابلے میں محسن رضا گینگ کا ایک اور کارندہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی ریڈنگ ٹیم نے تھانہ صدر جہلم کی حدود میں بیلی باہروال کے مقام پر دوران کارروائی خطرناک ڈکیت گینگ سے مبینہ مقابلہ کیا، جس میں محسن رضا گینگ کا ایک اہم کارندہ ہمایوں فرحت اقبال ولد محمد اقبال سکنہ کوتل کنڈ جہلم (حال محلہ رشید آباد) زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کی ٹیم پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجہ میں سی سی ڈی ٹیم کے کانسٹیبل رمیز اقبال کی چھاتی پر گولی لگی، تاہم خوش قسمتی سے کانسٹیبل بلٹ پروف جیکٹ پہننے کے باعث محفوظ رہا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق زخمی ملزم کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ گرفتار ملزم ہمایوں فرحت اقبال راہزنی اور راہبری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اور محسن رضا گینگ کے ساتھ منسلک تھا، یہ گینگ ادویات، دیگر قیمتی سامان سپلائی کرنے والی گاڑیوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

سی سی ڈی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھی محسن رضا گینگ کے دو افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا جنہیں ادویات لوٹنے کے مقدمات میں عدالت کے روبرو پیش کیا جا چکا ہے۔ گرفتار ملزم ہمایوں فرحت پر پہلے سے تھانہ چوٹالہ، صدر اور لطیف پور شریف میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ آور اور پولیس پر فائرنگ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔ سرچ آپریشن جاری ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button