جہلم کے شہریوں نے مکانوں، دکانوں، پلازوں کے آگے پختہ تھڑے اور سیڑھیاں تعمیر کر لیں

جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم کے شعبہ بلڈنگ کی سرپرستی شہریوں نے اپنے مکانوں، دکانوں، پلازوں کے آگے سرکاری جگہ پر پختہ تھڑے اور سیڑھیاں تعمیر کر لیں، جس کی وجہ سے شادی بیاہ ، موت فوت سمیت دیگر تقریبات کے موقع پر مکینوں کو انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پختہ تھڑے و سیڑھیاں تعمیر ہونے کی وجہ سے نالیاں گندگی سے اٹی پڑی ہیں جس کی وجہ سے گھروں کا گندا پانی گلیوں میں پھیل جاتا ہے۔ ہر محلے کی گلیوں میں لوگوں نے بڑے بڑے تھڑے و سیڑھیاں قائم کرکے چار سے پانچ فٹ تک گلی میں قبضے کررکھے ہیں جس کی وجہ سے اندرون شہر کے بیشتر گلی محلوں میں چھوٹی گاڑیاں اور رکشوں کا گزرنا تقریباً ناممکن ہو کر رہ گیا ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی کوئی گلی محلہ ، بازار تجاوزات سے پاک نہیں اور یہ سب میونسپل کمیٹی کے شعبہ نقشہ برانچ کی سرپرستی اور انسدادِ تجاوزات کی ملی بھگت سے ممکن ہو رہاہے ۔ بیشتر افراد نے گلی محلوں میں تھڑے ، سیڑھیاں پختہ تعمیر کرکے اردگرد لوہے کے پائپ نصب کررکھے ہیں اگر کوئی شہری اس حوالے سے بات کرے تو مالکان غلیظ گالیوں اور لڑائی جھگڑے پر اترآتے ہیں اور برملا دھمکیاں دینے سے بھی گریز نہیں کرتے اگر شہری میونسپل کمیٹی کے متعلقہ شعبہ سے شکایت کریں تو سائلین کو لالی پاپ دیکر ٹرخا دیا جاتا ہے ۔
شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ اندرون شہر گلی محلوں میں قائم ہونے والی پختہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کلین اپ کیا جائے تاکہ اندرون شہر شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے، انتظامیہ کو چاہئے کہ تجاوزات کے خاتمے پر آنے والے اخراجات بھی تجاوزات قائم کرنے والوں سے وصول کئے جائیں تاکہ کوئی شخص سرکاری راستے پر تجاوزات قائم نہ کر سکے۔



