کھلی کچہریوں میں شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کر کے داد رسی کی جارہی ہے،ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی ہدایات پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ چوٹالہ اور پولیس چوکی کینٹ جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور ان کے مسائل سنے گئے۔ اس موقع پر ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ وہ سائلین کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور ان کی داد رسی کریں۔
ڈی پی او جہلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور ان کی درخواستوں کا ریکارڈ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر محفوظ کیا جائے۔ درخواستوں کے بارے میں متعلقہ افسران سے مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر فالو اپ لیا جائے گا، تاکہ کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
قبل ازیں ڈی پی او ناصر محمود باجوہ نے تھانہ چوٹالہ اور پولیس چوکی کینٹ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے پولیس چوکی کینٹ، تھانہ چوٹالہ کی بلڈنگ، ایس آئی پیز پروٹوکول، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات اور میس ہال کا جائزہ لیا۔
ڈی پی او نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تھانہ جات کی صفائی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنائیں اور پنجاب پولیس کے اثاثوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ایف آئی آر کے اندراج کو ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے۔ شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا اور ان کے مسائل کو حل کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ تھانہ جات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھانوں اور دفاتر کا وزٹ جاری رہے گا۔



