شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو

جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں ٹریفک پولیس جہلم کے عملے کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں ڈی ایس پی ٹریفک طارق شفیع، انچارج برانچز ٹریفک آفس اور ٹریفک پولیس کا دیگر عملہ شریک ہوا۔ میٹنگ کے دوران ڈی پی او جہلم نے ٹریفک سٹاف کے مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین سے متعلق عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور موٹر سائیکل سواروں میں لین ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ کم عمر ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی۔
ڈی پی او نے بازاروں میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ بازاروں میں ٹریفک کے رش کی صورت میں اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہریوں کے ٹریفک سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کو بہترین اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام اہلکار اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے موثر حکمت عملی اپنائی جائے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھا جائے۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانا ہے بلکہ شہریوں کے لیے ایک محفوظ اور سہولت بخش ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔



