جہلم میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

جہلم شہر سمیت گردونواح میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، دکانداروں نے نرخ نامے ماننے سے انکار کر دیا، شہر میں سبزیوں کی قیمتوں میں 30/40 فیصد اضافہ ہو گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارروائیاں کرنے سے گریزاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں سبزی فروشوں نے حکومت پنجاب کے جاری کردہ نرخ نامے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے سبزیوں کی قیمتوں میں 30/40 فیصد اضافہ کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کررکھا ہے۔
جہلم شہر میں آلو 130روپے کلو کی بجائے 170 روپے کلو، پیاز 120 روپے کی بجائے 150 روپے کلو ، ادرک 765 روپے کی بجائے 850 روپے کلو، ٹماٹر 110 روپے کی بجائے 150 روپے کلو، کریلا 130 کی بجائے 180 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔
دکانداروں نے کھلے عام سبزیوں کی زائد قیمتیں مقرر کرکے فروخت شروع کررکھی ہیں۔ بااثر دکانداروں نےمارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ ریٹ لسٹ کا مذاق اڑانا شروع کر رکھا ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس با اثر مافیا کے سامنے ناکام نظر آتے ہیں۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



