ڈپٹی کمشنر کا سول ہسپتال جہلم کا دورہ، زیر تعمیر ٹراما سنٹر پر بریفنگ، ایمرجنسی اور ڈینگی وارڈ میں سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا سول ہسپتال کا دورہ، زیر تعمیر ٹراما سنٹر پر بریفنگ، ایمرجنسی اور ڈینگی وارڈ میں سہولیات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اپنی تعیناتی کے بعد سول ہسپتال کا پہلا دورہ کیا جہاں ان کو محکمہ بلڈنگ کی جانب سے زیر تعمیر ٹراما سنٹر کی موجودہ صورت حال، بقیہ کام اور فنڈز کی دستیابی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ میں آنے والے مریضوں کے ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ پولیس کاؤنٹر، ریسکیو کاونٹر کے کام بارے آگاہی حاصل کی اور زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔ ڈینگی وارڈ میں انتظامات بارے ایڈمن انچارج نے ڈپٹی کمشنر کو بریف کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ہسپتال آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کا نظام بہترین بنایا جائے، ایمرجنسی میں ادویات کی مفت دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور تمام شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



