دینہ میں جہلم اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے مابین دوستانہ کرکٹ میچ

دینہ: جہلم چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی زاہد حسین بٹ کی قیادت میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ساتھ دوستانہ ٹی 20 میچ دینہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
جہلم چیمبر آف کامرس کی ٹیم نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے خلاف دوستانہ ٹی 20 میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ نمائشی میچ دینہ چک اکا کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس تھے۔
اتوار کے روز ہونے والے اس مقابلے میں جہلم چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی زاہد حسین بٹ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے میاں آصف کی قیادت میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں اترے۔ میچ کا آغاز جوش و خروش سے ہوا اور شائقین کی بڑی تعداد نے میدان میں پہنچ کر دونوں ٹیموں کو سپورٹ کیا۔
جہلم چیمبر آف کامرس کی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ٹیم کے کپتان غفور بٹ نے بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا جبکہ کھلاڑیوں کی شاندار بیٹنگ اور بولنگ نے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور چیمبر کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے دونوں چیمبرز کے درمیان بہتر تعلقات کے فروغ کے لیے اس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیا۔
اس موقع پر دینہ پریس کلب کے صدر سید توقیر آصف شاہ، معروف صحافی رضوان سیٹھی، سینئر وائس پریزیڈنٹ سیف رضا، وائس پریزیڈنٹ شیخ ثانی، سابق وائس پریزیڈنٹ جہلم چیمبر آف کامرس ڈاکٹر ظہیر احمد، لائنز کلب کے ڈسٹرکٹ گورنر شکیل سیٹھی، اسحاق ڈار، سیف ریاض، حمزہ سیکرٹری سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
میچ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے جیتنے والی ٹیم کو انعامات تقسیم کیے اور جہلم چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی زاہد حسین بٹ، سابق وائس پریزیڈنٹ ڈاکٹر ظہیر احمد اور دیگر شخصیات نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے نمائشی میچز چیمبرز آف کامرس کے درمیان اچھے تعلقات کو فروغ دیتے ہیں اور کاروباری برادری کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔
میچ میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو خوب سراہا اور ایک بہترین کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔



