پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود جہلم میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہو سکی

جہلم: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی جہلم شہر سے دوسرے شہروں اور اضلاع میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کرواسکے، مسافر سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچھلے 2 ماہ میں 4 مرتبہ کمی کی ہے لیکن سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کررکھی ہے ،جس کیوجہ سے ٹرانسپورٹرز من مرضی کے کرائے وصول کرکے مسافروں کی جیبوں کا صفایا کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی کمر توڑ کررکھ دی ہے دوسری جانب انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے ، وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کی لیکن بدقسمتی سے ضلع جہلم میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دینے والے متعلقہ ذمہ داران کی عدم توجہی سوالیہ نشان بن چکی ہے ۔
مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں فی کلو میٹر فی مسافر کے حساب سے سٹاپ ٹو سٹاپ کرائے نامے جاری کئے جائیں اور ان کرائے ناموں پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ بسوںاور پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو ریلیف مل سکے ۔



