عیدالاضحی؛ جہلم میں جانوروں کے چارے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے

جہلم: عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی جہاں مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خرید و فروخت میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، وہیں جانوروں کے چارے کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگی ہیں۔
شہریوں اور تاجروں کے مطابق اس سال بھوسہ، توڑی، سبز چارہ اور دیگر خوراک کی قیمتوں میں 60 سے 70 فیصد تک غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس سے قربانی کے جانور پالنے والے افراد سخت پریشانی کا شکار ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ جانور خریدنا تو ایک مرحلہ ہے، لیکن اس کی دیکھ بھال اور خوراک پر جو اخراجات آ رہے ہیں، وہ عام آدمی کی استطاعت سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق مہنگائی نے نہ صرف جیب پر بوجھ ڈالا ہے بلکہ قربانی جیسے اہم فریضے پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔
چارہ فروشوں نے قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمی اثرات، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، رسد میں کمی اور نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے کی وجہ سے چارے کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
دوسری جانب عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر چارے کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے اقدامات کرے تاکہ شہری سکون سے قربانی کی سنت ادا کر سکیں اور مہنگائی کے ہاتھوں بے حال عوام کو کچھ ریلیف ملے۔



