عمران خان اور مسلم لیگ ن مذاکرات کیلئے تیار ہیں، فواد چوہدری کا دعویٰ

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مسلم لیگ ن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے بڑا دعویٰ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور مسلم لیگ ن مذاکرات کیلئے تیار ہیں ، اسٹیبلشمنٹ کو چاہیے ماحول فراہم کرے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت میں بیٹھے لوگوں نے کہا کہ پارٹی ختم ہو جائے گی، 8 فروری کو لوگوں نے بغیر انتخابی نشان کے ووٹ دیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ہی تجربہ چل رہا ہے کہ عمران خان کو مائنس کر کے ملک چلانا ہے۔ مائنس بانی پی ٹی آئی کے چکر میں سب کچھ تباہ و برباد کر دیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ساڑھے تین سالوں میں دہشتگردی نہیں ہوئی لیکن آج پورے طریقے سے دہشتگردی واپس آ گئی ہے، گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ سارے مسائل کا حل ہے، لوگوں کو اٹھانے یا بندوق سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن میرے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین کی کارروائی کررہا ہے ، ہمارے لیے بھی دل بڑا کرے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



