مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بجلی بم گرا دیا گیا، ایک یونٹ 48 روپے 84 پیسے تک پہنچ گیا

جہلم: حکومت نے عوام پر بجلی بم گرادیا، جہلم سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن پاور ڈویژن نے جاری کیا۔ گھریلوصارفین کے لیےبجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 اعشاریہ 12روپے تک اضافہ کردیا گیا۔ ماہانہ200 یونٹ تک والےگھریلو صارفین کو صرف 3 ماہ کے لیے اس اضافے سےمستثنٰی قرار دیا گیا ہے۔
باقی گھریلوصارفین کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھادیا گیا جس کے نتیجے میں فی یونٹ بنیادی ٹیرف48روپے84پیسے تک پہنچ گیا۔
ماہانہ201 سے300 یونٹ تک کا ٹیرف7 اعشاریہ 12 روپے اضافے سے34 اعشاریہ 26 روپے ہوگیا۔ 301 سے400یونٹ کا ٹیرف7 اعشاریہ 02 روپے اضافے سے39 اعشاریہ 15روپے اور 700 یونٹ سےزیادہ کا ٹیرف6 اعشاریہ 12 روپےاضافے سے 48 اعشاریہ 84 روپے ہوگیا۔
401 سے500 یونٹ کا ٹیرف6 اعشاریہ 12روپےاضافے سے41 اعشاریہ 36روپے اور 501 سے600یونٹ کا ٹیرف6 اعشاریہ 12روپے اضافے سے42 اعشاریہ 78روپے جبکہ 601سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6 اعشاریہ 12روپے اضافے سے43 اعشاریہ 92روپے ہوگیا۔
اگر بجلی کے بلز میں ٹیکسز کو ملایا جائے تو سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت اس سے کہیں زیادہ بنتی ہے۔
ماہانہ50یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3 اعشاریہ 95 روپے اور 51سے100 یونٹ تک کے لیے فی یونٹ7 اعشاریہ 74 روپے برقرار رہے گا۔



