مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا دورہ پنڈ دادنخان عوام کے لیے خوش آئند قدم ہے، کاروباری و سماجی حلقے


پنڈ دادنخان: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا پنڈ دادنخان کا دورہ تحصیل کے عوام کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے۔ ان کی آمد سے جہاں دل کے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی، وہیں مقامی تنظیمیں بھی ہسپتال کی بہتری کے حوالے سے مثبت تبدیلیوں کی امید رکھتی ہیں۔
19 فروری کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈ دادنخان میں آمد پر مشیر صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ ان کی کاوشوں کی بدولت علاقے میں بیرون ملک جانے والے افراد کے لیے پولیو ویکسین کاؤنٹر کے قیام پر مقامی افراد نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس اقدام سے تحصیل کے عوام کو جہلم کے طویل سفر کی مشکلات سے نجات ملی ہے۔
مرکزی انجمن تاجران، تاجران آرگنائزر کمیٹی، دیگر فلاحی و رفاہی تنظیموں اور سماجی کارکنان نے بھی مشیر صحت پنجاب کے اس دورے کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کی دلچسپی سے پنڈ دادنخان کے طبی مسائل حل ہونے کی امید ہے، خاص طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مقامی ڈاکٹروں کی تعیناتی کے احکامات جلد جاری کیے جائیں گے۔
عوامی مطالبہ ہے کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صحت خصوصی توجہ دیتے ہوئے تحصیل بھر میں دانتوں کے ماہر ڈاکٹروں کی کمی کو بھی جلد پورا کرے۔ امید ہے کہ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی کی ذاتی دلچسپی اور اقدامات سے پنڈ دادنخان کے شہریوں کو صحت کے شعبے میں درپیش مشکلات کا جلد از جلد حل ممکن ہوگا۔



