رات کی تاریکی میں کیمیکل ملا دودھ سپلائی ہونے کا انکشاف، شہریوں میں تشویش

دینہ شہر میں رات کی تاریکی میں مبینہ طور پر کیمیکل ملا دودھ سپلائی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے ضلع سے آنے والی ایک گاڑی رات 12 بجے کے بعد منگلا روڈ پر مختلف دودھ کی دکانوں کو ملاوٹ شدہ دودھ سپلائی کر کے واپس چلی جاتی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی باقاعدگی سے رات کے وقت آتی ہے اور دکانوں کو دودھ فراہم کر کے روانہ ہو جاتی ہے جبکہ متعلقہ ادارے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی ٹیم جو تحصیل دینہ میں تعینات ہے اس صورتحال پر موثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
شہریوں کے مطابق فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کو اس گاڑی کے بارے میں علم ہونے کے باوجود کارروائی نہ ہونا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملاوٹ شدہ اور کیمیکل ملا دودھ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور اس سے مختلف بیماریوں کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملاوٹ شدہ دودھ سپلائی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



