بھکاریوں کی تعداد میں حد سے زیادہ اضافہ، بھیک مانگنے کے بہانے جرائم بھی کرنے لگے

جہلم: بھکاریوں کی تعداد میں حد سے زیادہ اضافہ، بھیک مانگنے کے بہانے جرائم بھی کرنے لگے۔ قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران خاموش، شہر کے مصروف چوک چورا ہوں گلی محلوں شہر کی سڑکوں پر جگہ جگہ بھکاری، عورتوں بچوں اور مردوں کی ٹولیاں مٹر گشت کرنے میں مصروف ہیں، بھکاریوں وبھکارنوں کی بڑی تعداد چوری چکاری میں ملوث ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے ،بھکاری بھیک مانگنے کے بہانے جرائم کرنے سے بھی گریزاں نہیں کرتے۔
شہر کے چوک چوراہوں گلی محلوں ، اندرون شہر کی سڑکوں اور مصروف ترین کارروباری جگہوں پربھکاری عورتوں بچوں اور مردوں کی ٹولیاں کھڑی دکھائی دیتی ہیں اور عورتیں مردوں کو زبردستی روک کر بھیک لئے بغیر نہیں چھوڑتیں، یہ بھکاری بھیک مانگنے کے بہانے مختلف جرائم کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔
بازاروں میں رش کا فائدہ اٹھا کر بھکارنیں خواتین کے پرس پیسے اور دیگر اشیاء چرا لیتی ہیں جس کی وجہ سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران بھکاریوں و بھکارنوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کررہے جس کی وجہ سے بھکاریوں نے جہلم شہر کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے ۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے بھکاریوں کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



