ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے دریائے جہلم میں ریسکیو 1122 کی موک ایکسر سائز

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جہلم ثانیہ صفی کی زیر نگرانی فلڈ اور موسمِ برسات کی پیشگی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس اور عملی مشق (موک ایکسرسائز) کا انعقاد کیا گیا۔
یہ سرگرمی پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) پنجاب اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی ہدایات پر دریائے جہلم کے کنارے ریسکیو 1122 کی جانب سے منعقد کی گئی۔
موک ایکسرسائز میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کوآرڈینیٹر صبور ثاقب، صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ اور محکمہ ایریگیشن، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی جہلم، پبلک ہیلتھ، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے سیلابی صورتحال میں درپیش ممکنہ چیلنجز اور ریسکیو اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے فلڈ سیکٹرز کی تشکیل، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی تعیناتی، شہریوں کے بروقت انخلاء، ڈوبنے والے افراد کو بچانے اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے جیسے اقدامات کی وضاحت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ثانیہ صفی نے ریسکیو 1122 اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "مشکل حالات میں عوام کی جان و مال کا تحفظ ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن ضلعی ادارے باہم مل کر اس فرض کو بخوبی نبھا سکتے ہیں۔ ہمیں سیلاب سے قبل ہی مکمل تیاری کو یقینی بنانا ہو گا۔”
انہوں نے تمام محکموں کے اسٹالز کا بھی دورہ کیا، جن میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو سٹاک، سول ڈیفنس، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ایریگیشن، سوشل ویلفیئر اور لوکل گورنمنٹ شامل تھے۔ ان اداروں کو ہدایت دی گئی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں شہریوں کو بھرپور اور منظم امدادی خدمات فراہم کی جائیں۔
مزید برآں سلیمان پارس کے مقام پر اربن فلڈنگ کے پیشِ نظر میونسپل کمیٹی جہلم کے ڈی واٹرنگ پمپس کا بھی معائنہ کیا گیا تاکہ بارش کی صورت میں نکاسی آب کا نظام موثر طریقے سے فعال کیا جا سکے۔



