سید ریاض حسین نظامی مرحوم کی یاد میں جہلم پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس، صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

جہلم کے معروف سینئر صحافی اور مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر سید ریاض حسین نظامی مرحوم کی یاد میں جہلم پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تعزیتی ریفرینس میں مرحوم کی صحافتی خدمات، سادہ طرزِ زندگی، اصول پسندی اور قلم کی حرمت کے لیے ان کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت جہلم پریس کلب کے نائب صدر غلام قادر مخلص نے کی جبکہ تعزیتی ریفرنس کا آغاز جنرل سیکرٹری جہلم پریس کلب مرزا قدیر بیگ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ اس موقع پر سید ناصر محمود نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

تعزیتی ریفرنس سے اسلام آباد کے سینئر صحافی راؤ سلیم، جہلم کے معروف سینئر صحافی اور بابائے صحافت اشتیاق پال، شہر کی سماجی شخصیات عمر بٹ اور عبدالغفور چوہان، سابق صدر جہلم پریس کلب ملک وسیم اختر، سابق جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری، چیئرمین الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود اور مرحوم کے صاحبزادے سید مشہاب ریاض نظامی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

مقررین نے سید ریاض حسین نظامی مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار، بااصول، سادہ مزاج اور منکسرالمزاج صحافی تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت کے اعلیٰ اصولوں کی پاسداری، حقائق کی ترجمانی اور قلم کی حرمت برقرار رکھنے کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی صحافتی زندگی دیانت داری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ اقدار کا روشن نمونہ تھی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ سید ریاض حسین نظامی کے انتقال سے جہلم کی صحافتی برادری ایک مخلص، تجربہ کار اور باصلاحیت قلم کار سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی خدمات، اصول پسندی اور صحافتی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم کی سادہ زندگی اور صحافت سے بے لوث وابستگی ان کے ساتھیوں اور نئی نسل کے صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ مرحوم کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی، تاہم ان کی تحریریں، صحافتی خدمات اور مثبت کردار ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر سید ریاض حسین نظامی مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button