وزیراعلیٰ پنجاب کی متوقع آمد کے پیش نظر جہلم میں انتظامی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متوقع آمد کے پیش نظر جہلم میں انتظامی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں، جبکہ پیچ ورک، صفائی اور بیوٹیفکیشن کے کاموں کے لیے مشینری اور متعلقہ عملے کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی متوقع آمد کے پیش نظر جہلم شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور شہری سہولیات کے حوالے سے بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سرگرم عمل ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف سڑکوں پر پیچ ورک کے ذریعے ٹوٹ پھوٹ کا شکار حصوں کی مرمت، صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے متحرک کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ، شہری ماحول کو بہتر بنانا اور جہلم کو صاف ستھرا، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنانا ہے۔



