جہلم پولیس نے اسلحہ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، ملزم گرفتار

جہلم پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم اسلحہ فروخت کرنے کی نیت سے خیبرپختونخوا سے جہلم آیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ دوران تلاشی ملزم کے قبضے سے 4 عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جہلم میں یہ اسلحہ فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا تھا تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جا سکے۔



