پنجاب حکومت نے ہنرمندوں کی تنخواہ 40 ہزار سے بڑھا کر 45 ہزار 945 روپے مقرر کر دی

جہلم: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے محنت کشوں کے لیے اہم اور خوش آئند فیصلہ کرتے ہوئے ہنرمندوں، نیم ہنرمندوں اور غیر ہنرمند مزدوروں کی اجرتوں میں اضافہ کر دیا۔
ہنرمند افراد کی ماہانہ تنخواہ 40 ہزار سے بڑھا کر 45 ہزار 945 روپے مقرر کر دی گئی۔ حکومتی فیصلے کے بعد محنت کشوں کے چہروں پر خوشی کے آثار نمایاں ہیں اور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
حکومت پنجاب نے ڈیلی ویجرز (Daily Wagers) کی اجرتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جو اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر) کی جانب سے جاری ہوا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہنرمند مزدوروں کی روزانہ اجرت میں 1975 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ 45,945 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح نیم ہنرمند افراد کی روزانہ اجرت میں 1,558 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ان کی ماہانہ اجرت 43,108 روپے ہو گئی ہے۔
غیر ہنرمند مزدوروں کی روزانہ اجرت میں بھی 1,538 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت ان کی تنخواہ میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔
محکمہ محنت کے مطابق اس اقدام کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر محنت کش طبقے کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور ان کے روزگار کو معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے۔
جہلم سمیت پنجاب بھر کے محنت کشوں نے حکومتِ پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے ریلیف کا باعث بنے گا اور ان کی روزمرہ زندگی میں بہتری آئے گی۔



