جہلم میں اساتذہ کے لیے اے آئی کی باقاعدہ تربیتی کلاسز کا انعقاد

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر ضلع کونسل ہال میں محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے اساتذہ کے لیے آرٹیفشل انٹیلیجنس (AI) کی باقاعدہ تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ان تربیتی سیشنز کا مقصد اساتذہ کو تدریسی عمل میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر، عملی اور ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق معیاری اور ہم عصر تعلیم دے سکیں۔
یہ تربیتی پروگرام آئی ٹی ایکسپرٹ سید علی عباس زیدی اور ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم کی زیرِ نگرانی منعقد ہو رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کے ویژن کے مطابق اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے اور غیر رسمی تعلیمی نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
تربیتی کلاسز کے دوران اساتذہ کو آرٹیفشل انٹیلیجنس کے مختلف تعلیمی ٹولز سے متعارف کرایا جا رہا ہے جو تدریسی مواد کی تیاری، اسباق کی منصوبہ بندی، طلبہ کی انفرادی رہنمائی اور سیکھنے کے نتائج کی بہتری میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اخلاقیات اور ذمہ دارانہ استعمال پر بھی خصوصی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ تربیتی سیشنز میں اساتذہ کی حاضری، معیارِ تدریس اور عملی مشقوں کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ضلع جہلم کے تعلیمی ڈھانچے کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے دور رس اور مثبت نتائج مرتب ہوں گے اور طلبہ کو مستقبل کی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی۔



