جہلم میں گرمی کی آمد کے ساتھ ہی مضر صحت مشروبات کی بھرمار، عوام کی صحت خطرے میں

جہلم میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی مضر صحت اور ناقص مشروبات فروخت کرنے والوں نے شہر کے چوک چوراہوں، بازاروں اور سڑکوں کے کنارے ریڑھیاں سجا لی ہیں۔ ان مشروبات میں استعمال ہونے والا پانی نہ صرف غیر معیاری بلکہ انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

ذرائع کے مطابق مختلف مقامی مشروبات فروش ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مشروبات سے ملتے جلتے ناموں کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ ان مشروبات میں مصنوعی رنگ، سستے کیمیکلز اور غیر محفوظ پانی شامل کیا جاتا ہے، جس سے پیاس بجھانے کے بجائے مختلف بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

شہریوں کی جانب سے شکایات کے باوجود متعلقہ ادارے، خاص طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی، تاحال کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق ایسے بازاری مشروبات ہیپاٹائٹس، معدے کی خرابی اور دیگر پیٹ کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ایسے مشروبات سے اجتناب کریں اور زیادہ سے زیادہ ابلا ہوا یا صاف پانی استعمال کریں تاکہ گرمی کے موسم میں صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو ان غیر معیاری مشروبات سے دور رکھیں اور صحت بخش متبادل فراہم کریں۔

شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان غیر معیاری مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کی جائے اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button