پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کھلی کچہریوں کے انعقاد اور پولیس اسٹیشنز کے دوروں کے ذریعے عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
ایس ڈی پی او آفس صدر سرکل اور تھانہ کالا گجراں میں منعقدہ کھلی کچہریوں میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی، جہاں شہریوں کی درخواستوں اور مسائل کی سماعت کی گئی۔ ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ اگر کسی کو پولیس کے رویے یا تفتیش پر اعتراض ہو تو وہ براہ راست ڈی پی او سے رابطہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف کی فراہمی کے لیے پولیس خدمت مراکز، تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، مصالحتی کونسلز اور جدید تھانہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں 24/7 سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بعد ازاں ڈی پی او نے تھانہ کالا گجراں کا دورہ کرتے ہوئے بلڈنگ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، میس ہال، اور مال خانہ سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرکاری اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور تھانوں کی صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسران کو ایف آئی آر کے بروقت اندراج اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے پر زور دیا۔
اس سے قبل ڈی پی او جہلم نے پولیس لائنز کا بھی دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہی اچھے پولیس افسران کی ضمانت ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ تھانوں اور دفاتر کے وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور عوامی اعتماد بحال کیا جا سکے۔



