جدید تفتیشی تقاضوں اور انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اورینٹیشن ورکشاپ کا انعقاد

جہلم: ایس پی انویسٹیگیشن محمد سکندر گوندل اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کی زیر نگرانی پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے ایک اورینٹیشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کا مقصد افسران اور اہلکاروں کو جدید تفتیشی تقاضوں، دہشت گردی کے انسداد سے متعلق امور اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
اس موقع پر شرکاء کو مقدمات کی مؤثر تفتیش، شواہد کے درست استعمال، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔ افسران کو بتایا گیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تحقیقات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید طریقہ کار اور ٹیکنالوجی سے استفادہ ناگزیر ہے۔
اسی سلسلے میں حساس مقامات پر تعینات پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی امور کے حوالے سے بھی تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔ انہیں مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے، داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔
افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہتے ہوئے اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری اور مستعدی سے سرانجام دیں۔ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پیشہ ورانہ مہارت اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے تدارک، مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔ آخر میں افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ حاصل شدہ تربیت کو عملی میدان میں بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔



