عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، آر پی او بابر سرفراز الپا

جہلم: ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ سٹی جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران آر پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور کھلی کچہریاں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں جن کے ذریعے عوام اپنے مسائل براہ راست پولیس حکام تک پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے شرکاء کو بچوں اور بچیوں کی ہراسگی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی۔ شہریوں نے پولیس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کو براہ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

بعد ازاں آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم نے وکلاء بار ایسوسی ایشن جہلم کے صدر اور کابینہ ممبران سے ڈی پی او آفس میں ملاقات کی۔ وکلاء نے ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس کے سیکورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

قبل ازیں آر پی او بابر سرفراز الپا اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے شہید ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق اور شہید کانسٹیبل زین خالد کی فیملیز سے ملاقات کی، تحائف پیش کیے، ان کی خیریت دریافت کی اور مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ شہداء پولیس کی فیملیز ہماری اپنی فیملیز ہیں، ان کے لیے پولیس کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور پولیس ان کے اہل خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے مزید کہا کہ جان پر کھیل کر فرض نبھانے والا ہر شہید معاشرے اور محکمے کا محسن ہے، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور پولیس ان کی کفالت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button