ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا تھانہ کالا گجراں میں کھلی کچہری، تفتیشی افسران سے میٹنگ

جہلم: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے تھانہ کالا گجراں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کی گئی اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ کھلی کچہریاں عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی اور پولیس افسران کو جوابدہ بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ شہریوں کی درخواستوں کو شکایات مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کیا جاتا ہے، اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ان درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم نے تھانہ کالا گجراں کا دورہ کیا اور تھانے کی بلڈنگ، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، میس ہال، اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ جات کی صفائی اور دیگر سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو ایک خوشگوار اور منظم ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تنصیبات قوم کی امانت ہیں اور ان کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تھانہ جات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور پولیس کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے تھانے میں تفتیشی افسران کے ساتھ میٹنگ کی جس میں دیرینہ زیر تفتیش مقدمات اور نامکمل چالان زیر بحث آئے۔ انہوں نے پراسیکیوشن کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مقدمات کی بروقت یکسوئی اور رپورٹ ہائے 173ض ف کو عدالتوں میں وقت پر جمع کرانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ایس ڈی پی او کو ہدایت دی کہ مقدمات کے چالان 14 یوم کے اندر عدالتوں میں بھیجنے کو یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، تمام زیر التوا روڈ سرٹیفکیٹس کی فوری یکسوئی پر بھی زور دیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ تمام تھانہ جات اور سرکل افسران کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اچھی کارکردگی پر افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ ناقص کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی اور پولیس نظام کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



