رمضان المبارک؛ عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو کنٹرول ریٹ پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
سستا رمضان بازار کے تحت قائم رمضان سہولت بازار میں عوام کے لیے پھلوں، سبزیوں اور کریانہ کے خصوصی اسٹالز لگائے گئے ہیں، جہاں معیاری موسمی پھل اور سبزیاں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم شاہد سید محمد میثم عباس نے رمضان بازاروں میں کیے گئے انتظامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام اشیائے خورونوش پر 20 فیصد تک رعایت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران چینی کی فروخت کے لیے ضلع بھر میں 15 سیلز پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں چینی 130 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔ یہ سیلز پوائنٹس تحصیل سوہاوہ، تحصیل دینہ، تحصیل جہلم اور میونسپل کمیٹی کے علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو ان کے قریبی مقامات پر چینی باآسانی دستیاب ہو سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ شہریوں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔



