عالمی یومِ انسانی حقوق پر خواتین اساتذہ کے لیے آگاہی سیمینار

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں خواتین اساتذہ کے لیے ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔

یہ تقریب لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد خواتین اساتذہ کو ان کے بنیادی حقوق، کام کی جگہ پر محفوظ و باوقار ماحول، اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع سے روشناس کرانا تھا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام فورمز عوام، بالخصوص خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب اور وقف ہیں۔ انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے گورنمنٹ آف پنجاب کے تحت کیے گئے اقدامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ان اقدامات کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ظفر اقبال، ممبر ضلعی و ڈویژنل امن کمیٹی سید حسن عباس زیدی، ایڈووکیٹ مرزا جہانگیر محمود، سوشل ورکر سیدہ فضہ گردیزی، اور القاسم انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل چلڈرن سے بلال حسنین سمیت متعدد معزز مہمانان نے شرکت کی اور خواتین کے حقوق، تعلیم اور تحفظ کے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروگرام کی میزبانی کے فرائض ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی محترمہ میمونہ انجم نے نہایت احسن انداز میں انجام دیے۔ ضلع بھر سے بڑی تعداد میں اساتذہ اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے سیمینار میں شرکت کی اور اپنے تجربات اور تجاویز کا اشتراک کیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ادارے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے معزز مہمانان، اساتذہ اور سوشل ورکرز کو اعزازی اسناد اور شیلڈز سے نوازا۔ اس موقع پر خواتین اساتذہ کو یقین دلایا گیا کہ ان کے حقوق کے تحفظ اور کام کی جگہ پر محفوظ ماحول کی فراہمی ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button