جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 144 افراد کی چیکنگ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کی ہدایت پر ضلع بھر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، ناجائز اسلحہ و منشیات کی برآمدگی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ضلع کے مختلف مقامات پر تین سرچ آپریشنز کے دوران 144 افراد کو چیک کیا گیا جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کر کے گاڑیوں اور افراد کی جامع تلاشی لی گئی۔ اس دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن بھی کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن افراد کی گرفتاری کے لیے ایسے آپریشنز باقاعدگی سے کیے جا رہے ہیں تاکہ شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ سرچ آپریشنز کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، امن و امان قائم رکھنا اور معاشرے کو جرائم سے پاک کرنا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوراً 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔



