جہلم میں مونگ پھلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہریوں کی قوت خرید جواب دے گئی

2
جہلم شہر اور گردونواح میں خشک میوہ جات کی قیمتوں کی طرح مونگ پھلی کی قیمت بھی آسمان کو چھو رہی ہے۔ مونگ پھلی کی قیمتوں میں اضافے سے مڈل کلاس اور متوسط طبقہ کے افراد کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔
مہنگائی کے باعث نہ صرف دیگر ضروری اشیاء عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں بلکہ خشک میوہ جات جیسے چلغوزہ، بادام، پستہ، اخروٹ، انجیر، کشمش وغیرہ کی خریداری بھی انتہائی مشکل ہو چکی ہے۔
رواں برس مونگ پھلی اور املوک کی قیمتیں بھی دیگر خشک میوہ جات کے ساتھ بڑھ گئی ہیں اور اب یہ واحد خشک میوہ تھا جو غریب اور مڈل کلاس خرید کر استعمال کر لیتے تھے۔ مگر اس بار مونگ پھلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کے لیے یہ خریداری بھی ایک خواب بن چکی ہے۔
جہلم شہر اور گردونواح میں دوئم کلاس مونگ پھلی 600 سے 800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اس صورتحال کے باعث مونگ پھلی فروشوں کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے جبکہ غریب شہریوں کے لیے مونگ پھلی اور املوک خریدنا ناممکن ہو گیا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک میوہ جات کے نرخ سرکاری سطح پر مقرر کیے جائیں تاکہ عوام کے لیے یہ ضروری اشیاء خریدنا ممکن ہو سکے۔



