پنڈدادنخان میں رکشہ اور ٹرک میں خوفناک تصادم، ایک خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی

پنڈدادنخان میں للِہ انٹرچینج کے قریب رکشہ اور ٹرک میں خوفناک تصادم سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں للِہ انٹرچینج کے قریب ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں رکشہ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 35 سالہ سکینہ بی بی دختر بشیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 32 سالہ سمینہ دختر بشیر، 45 سالہ پروین دختر مرزا خان اور 18 سالہ ثاقب ولد جاوید شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کی اور بعدازاں انہیں بہتر علاج کے لیے آر ایچ سی للِہ اسپتال منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق خاتون کی لاش بھی ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔



