ضلع جہلم میں تعلیم کا معیار بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

15
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تعلیمی معیار اور سہولیات کی جانچ کے لیے آج گورنمنٹ پرائمری سکول شمس پور اور گورنمنٹ ہائی سکول کشمیر کالونی کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کلاس رومز میں جا کر طلباء و طالبات سے براہ راست ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بچوں سے تعلیم کے معیار اور سکول میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بات چیت کی اور ان کے تاثرات جاننے کی کوشش کی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ طلباء و طالبات کے لیے ہر ممکن سازگار تعلیمی ماحول فراہم کریں اور بہترین تعلیمی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کا معیار بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر سکول انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر فوری عمل درآمد کا عزم ظاہر کیا اور بتایا کہ تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم اور بہتر سہولیات میسر ہوں۔



