عید کی آمد؛ جہلم شہر سمیت چاروں تحصیلوں کے بازار خریداروں سے بھر گئے

جہلم: راولپنڈی ڈویژن کے بڑے شہر جہلم میں رمضان المبارک کے آخری ایام شروع ہوتے ہی شہر سمیت دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کے بازار خریداروں سے بھر گئے ہیں اور عید کی خریداری کے باعث تجارتی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

جیسے جیسے رمضان المبارک اپنے اختتام کے قریب پہنچ رہا ہے ویسے ویسے بازاروں اور شاپنگ مراکز میں خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔ شہری عید کی تیاریوں کے سلسلے میں تیار ملبوسات، جوتوں، سینڈلز، چوڑیوں اور میچنگ جیولری سیٹس کی خریداری میں مصروف دکھائی دیتے ہیں جبکہ دکانوں اور سٹالز پر خریداروں کی لمبی قطاریں بھی نظر آ رہی ہیں۔

جہلم شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں کے ساتھ ساتھ ضلع کی چاروں تحصیلوں اور قصبوں میں بھی شہریوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ خریداری کرنے والی فاطمہ ریاض نے کہا کہ ایک ہی وقت میں کئی خاندانوں کو خریداری کرتے دیکھنا خوشگوار منظر پیش کر رہا ہے جبکہ بچوں میں عید کی خریداری کے حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب دکانداروں نے بھی کاروبار میں نمایاں تیزی کی تصدیق کی ہے۔ مین بازار کے ایک دکاندار شیخ زوالفقار علی کاشف کے مطابق گزشتہ ویک اینڈ کے مقابلے میں گاہکوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے اور جوتوں، سینڈلز اور میچنگ جیولری کی فروخت تیزی سے ہو رہی ہے۔

انارکلی کلاتھ ہاؤس کے مالک صفدر سیٹھی کا کہنا ہے کہ عید کی آمد کے ساتھ کپڑوں کی فروخت اپنے عروج پر ہے جبکہ دکاندار اعجاز خان کے مطابق سینڈلز، جوتوں اور آرٹیفشل زیورات کی خریداری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس سے بازاروں میں عید کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

خریدار آرم بتول نے کہا کہ عید شاپنگ کے دوران بچوں کا جوش دیدنی ہوتا ہے جو ایک سٹال سے دوسرے سٹال تک گھومتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ والدین انہیں منظم رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہریوں اور دکانداروں کے مطابق بازاروں میں خوشگوار ماحول اور بہتر انتظامات کے باعث خریداروں کو خریداری میں آسانی ہو رہی ہے اور عید کے قریب آتے ہی یہ رونقیں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button